سٹی 42 : امریکہ کی جانب سے راولپنڈی کے مضافاتی علاقے کی امام بارگاہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی ہے ۔
مذمتی بیان پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ آج راولپنڈی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، اس کے نتیجے میں بے گناہ نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ امریکہ اس واقعے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے ۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے میں اس حملے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ اور عزیزو اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ شہریوں اور عبادت گاہوں کے خلاف دہشت گردی اور انہیں نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کے ساتھ ، خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حقدار ہیں۔ امریکہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہے۔
انہوں نے لکھا کہ امریکہ پاکستان میں استحکام کے لیے اپنی شراکت داری پر قائم ہے، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔