لیگی ایم پی اے سے 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی

لیگی ایم پی اے سے 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سٹی 42)لاہور میں ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن پنجاب نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر سے 80 کنال اراضی واگزار کرا لی۔

   اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ن لیگ کے ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر سے 80 کنال اراضی واگزار کرا لی ہے۔اینٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے قبضہ شدہ پراپرٹی پر تعمیرات مسمار کر دیں۔

  ترجمان کے مطابق رائیونڈ روڈ پر واگزار کرائی گئی اراضی نزول لینڈ قرار دےکر مفاد عامہ کے لیے استعمال ہو گی۔ واگزار کرائی جانے والی زمین اربوں روپے مالیت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈی سی لاہور کی درخواست پر گزشتہ روز لینڈ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

 ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ سیف الملوک کھوکھر نے مبین داؤد، مبشر اور افضل خان کی مدد سے اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے، مذکورہ اراضی پارسی خاندان عیدل ڈینشا جی کی ملکیت تھی، 1914میں ڈینشاجی کی وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی لاوارث ہو گئی تھی۔جس کے بعد ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے ملی بھگت سے جائیداد اپنے نام ٹرانسفر کرا لی تھی۔

Malik Sultan Awan

Content Writer