سٹی 42 : صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشک اور مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
صدرِ مملکت نے واشک اور مستونگ میں 12 بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۂ ہندوستان دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۂ ہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم اور مہارت کا مظہر ہیں، فتنۂ ہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، ان کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔ اللّہ تعالیٰ پاکستان کے ہر گوشے کو امن و استحکام اور ہماری سیکیورٹی فورسز کو ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ردالفتنہ -3 کے تحت ضلع واشوک اور ضلع مستونگ میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف الگ الگ کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنتہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے واشک اور مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی گئی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 12 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائیاں کرکے 12 خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف یکسو اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔