بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی تو بانی کے وکیل نے نیب کے گواہ پر جرح کرنے کیلئے مزید وقت مانگ لیا ۔ گواہ کو جرح کے بغیر واپس جانا پرا اور عدالت کو سماعت ایک بار پھر ملتوی کرنا پڑ گئی۔
ملزم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے ملزم کی بہنوں اور سلمان اکرم راجا کے عدالتی کارروائی میں شامل ہونے سے متعلق درخواست بھی عدالت میں جمع کروا دی ۔
توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔
عدالت نے جیل کےباہر موجود بانی کی ایک بہن عظمیٰ خان کو اندر بلا لیا۔
ملزم کے وکیل صفائی قوسین مفتی نے نیب کے گواہ پر جرح کرنے کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگا ۔ تو سپیشل پراسیکیوٹر عمر مجید نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ جان بوجھ کر ٹرائل کو طول دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
سپیشل پراسیکیوٹر عمر مجید نے کہا، بانی کی بہن بھی کمرہ عدالت میں آچکی ہے پھر بھی گواہ پر جرح نہیں کی جا رہی ۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر دو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا تھا وہ بھی موجود ہیں ۔ ملزمان کے وکلا وقت پر کمرہ عدالت نہیں آتے انہیں پابند کیا جائے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت نو اگست تک ملتوی کر دی ۔