(سٹی 42) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عوام موجودہ جعلی حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں،جے یو آئی اگلے جمعے کو حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کریگی ،12 اپریل کو مردان سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام موجودہ جعلی حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں،اس فیصلے نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا ہے،جے یو آئی اگلے جمعے کو حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرے گی ،12 اپریل کو مردان سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا،حکومت نے گھریلو تشدد سمیت کئی قوانین شریعت کے خلاف بنائے اور غیر اسلامی قوانین اسمبلی میں لائے جا رہے ہیں۔موجودہ حکومت جعلی ہے اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے،مغربی اور مشرقی سرحدیں بند ہیں، تجارت متاثر ہو رہی ہے،تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ان کیمرا بریفنگ میں بتانا چاہیے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے،امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، صوبائی حکومت آپریشنز کے معاملے پر متضاد پالیسی اپنا رہی ہے،اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات بھی ایوان میں پیش نہیں کی جا رہی۔
جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرشدید تنقید کی گئی۔