علی رامے: پنجاب میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے کو ہے، جہاں محکمہ موسمیات نے بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج شام سے 8 اپریل تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ڈی جیپی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ جگہوں پر رہیں۔
کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
علاوہ ازیں سیاحوں کو شمالی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔