سٹی 42: کورونا وائرس پوری دنیا میں خوف کی علامت بن کرلوگوں کے ذہنوں پر سوار ہے،قاتل وائرس اب تک ستر ہزار سے زائد زندگیاں نگل چکا ہے،12 لاکھ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں،دنیا بھر کے کھیلوں کے میدان ویران ہیں ان میں سے اکثر قرنطینہ کی شکل اختیار کرچکے ہیں،سیاحتی مقامات سنسان ہیں،ایسے میں آئی سی سی نے ورلڈ ٹی 20کپ کا شیڈول برقرار رکھا ہوا ہے،تیاریاں بھی جاری ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے منتظمین کے مطابق ورلڈکپ 2020 کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا جو کہ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ آرگنائزنگ کمیٹی، آئی سی سی اور اراکین فیصلہ کریں گے جب کہ ابھی سب کچھ پلان کے مطابق ہے اور فیصلے میں کوئی جلدی نہیں۔عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 ایونٹ کے انعقاد کو غیر یقینی قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی لیگ اور بین الاقوامی مقابلے منسوخ ہو چکے ہیں جن میں ٹوکیو اولپمکس گیمز 2020، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جب کہ انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل) بھی شامل ہے۔
یاد رہے قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلیا چلے گئے تھے اور آسٹریلیا پہنچنے کے بعد وقار یونس نے خود کو 14 روز کے لیے آئسولیٹ کر دیا تھا۔وقار یونس کی اہلیہ ڈاکٹر فریال سڈنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ایمرجنسی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔
لاہور قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک ،پشاور زلمی کے ڈیرن سمی سمیت متعدد کھلاڑی کورونا کے خدشے کے باعث آئسو لیشن میں چلے گئے تھے۔تمام کھلاڑیوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو بھی گھروں میں رہنے کی تلقین کی ہے۔