( قذافی بٹ ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی گرفتاری کا معاملہ، لیگی کارکنوں اور پولیس میں تلخ کلامی، جھڑپ اور لاٹھی چارج ہوا۔
حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے نیب کے حرکت میں آتے ہی ن لیگ کے متوالے ماڈل ٹاؤن میں اپوزیشن لیڈر کی رہائشگاہ پر جا پہنچے۔ کارکنوں نے حمزہ شہباز کی رہائشگاہ کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بیریئرز لگا کر راستہ بند کردیا۔ پولیس اور لیگی کارکنوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔
پولیس کی جانب سے روکنے پر کارکنوں نے بیریئرز کے سامنے ہی نعرے بازی شروع کردی جبکہ خواتین کارکنوں نے دھرنا دے دیا۔
حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے رینجرز کو بھی طلب کرلیا، رینجرز کی بھاری نفری حمزہ شہباز کے گھر کے باہر پہنچی۔
لیگی متوالوں نے کئی بار بیریئرز کراس کرکے اندر جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں ہرمرتبہ روک دیا۔ تلخ کلامی پر پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ دے رکھا ہے، جس پر لیگی کارکنوں نے گرفتاری کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اپنے رہنما کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔