ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی نمایاں ہوئے، جہاں سرمایہ کاروں کی محتاط حکمتِ عملی کے باعث کاروباری ہفتہ مندی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 2 ہزار 367 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 1.30 فیصد کمی کے بعد 1 لاکھ 75 ہزار 328 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 78 ہزار 138 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 74 ہزار 515 پوائنٹس رہی۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عالمی سطح پر مہنگائی، پیداواری لاگت اور معاشی دباؤ بڑھنے کے خدشات پیدا ہوتے ہیں، جس کے باعث سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں محتاط رویہ اختیار کرتے ہیں۔