ملک اشرف: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ڈھائی گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔
اجلاس نیو ججز لائبریری میں ہوا، جس میں چیف جسٹس سمیت لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے شرکت کی اجلاس میں لاہور، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی بنچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ زیر التوا مقدمات نمٹانے کی رفتار اور ضلعی عدلیہ کی کارکردگی بھی زیر غور آئی۔
فل کورٹ اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف عدالتی قواعد اور ایس او پیز کی منظوری و توثیق شامل تھی۔ عدالتی تنظیم نو اور نظرثانی شدہ آرگنوگرام کی توثیق بھی کردی گئی۔
اجلاس میں جوڈیشل افسران کے بیرون ملک سفر کے لیے لازمی این او سی، ضلعی عدلیہ کے اکاؤنٹنٹس اور آڈیٹرز کی ٹرانسفر پالیسی اور لاہور ہائیکورٹ ای ایس ایس موبائل حاضری درخواست کی توثیق کے معاملات بھی زیر غور آئے۔
ججز کے ضابطہ اخلاق میں ترمیم، کورٹ روم نمبرز اور کام کی نوعیت کے مطابق عہدوں کی توثیق سمیت ڈویژن بنچز میں آئینی درخواستوں اور ٹیکس مقدمات کی سماعت سے متعلق امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔
فل کورٹ اجلاس میں دیگر اہم انتظامی اور عدالتی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔