ویب ڈیسک: اگلے سال 2026 میں مقدس مہینہ رمضان المبارک کب شروع ہوگا؟ ماہرین فلکیات نے اہم پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے سال رمضان المبارک 19 فروری (بروز جمعرات) سے شروع ہوگا، اس حساب سے رمضان المبارک کے آغاز میں اب صرف 139 دن باقی ہیں۔ یہ پیشگوئی ابتدائی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اماراتی فلکیاتی سوسائٹی نے کی ہے۔
اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کے مطابق رمضان کا نیا چاند منگل، 17 فروری 2026 کو شام 4 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم، اس دن سورج غروب ہونے کے صرف ایک منٹ بعد چاند غروب ہو جائے گا، جس کی وجہ سے چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔ اسی لیے پہلا روزہ جمعرات، 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے، البتہ حتمی اعلان چاند دیکھنے والی سرکاری کمیٹی کرے گی۔
ابراہیم الجروان کے مطابق ابو ظہبی میں رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 46 منٹ ہوگا۔ جیسے جیسے دن لمبے ہوں گے، یہ وقت 13 گھنٹے 25 منٹ تک بڑھ جائے گا۔ دن کی روشنی کے اوقات بھی مہینے کے دوران بڑھیں گے ، شروع میں 11 گھنٹے 32 منٹ سے بڑھ کر آخر میں 12 گھنٹے 12 منٹ تک۔
موسم کے بارے میں ماہرین نے بتایا ہے کہ رمضان کے آغاز میں درجہ حرارت 16 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جبکہ مہینے کے آخر تک موسم بہار کی آمد کے ساتھ درجہ حرارت 19 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ابراہیم الجروان نے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ بارش کی مقدار 15 ملی میٹر سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔