سٹی42: اسحاق ڈار نے آج سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا اور ان سے غزہ امن معاہدے پر پیشرفت کے متعلق گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے مصری ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
اسلام آبا میں ذمہ دار حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی اور مصری وزرا خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے غزہ امن کیلئے سفارتی کوششوں پر گفتگو کی اور نیویارک میں عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی۔
ان کوششوں کا مقصد فوری اور پائیدار جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، پاکستان حالیہ مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کر لیا، دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غزہ میں منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے لیے رابطے اور اشتراکِ عمل جاری رکھا جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ
اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے گفتگو میں غزہ بحران پر بات چیت کی اور جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا۔ ان کوششوں کا مقصد فوری اور پائیدار جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ میں دیرپا امن کا قیام ہے۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیرِ خارجہ کے مسلسل رابطے اور تعمیری کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر حماس کے جواب سمیت تازہ پیشرفت پر بھی گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی حمایت کے اپنے عزم کو دہرایا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھے جائیں گے تاکہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔