ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان سری لنکن کرکٹ میلہ آج لاہور میں سجے گا

پاکستان سری لنکن کرکٹ میلہ آج لاہور میں سجے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (حافظ شہباز علی) انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو،لاہور  میں کرکٹ میلہ آج  سجے گا،   پاک سری لنکا ٹی 20  سیریز کا پہلا میچ آج ساڑھے 6 بجے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تیاریاں مکمل کرلیں، کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، لاہوریئے10 سال بعد سری لنکن ٹائیگرز کو ان ایکشن دیکھنے کوبے تاب ہیں،  کرکٹ میلے نے لاہور کی شاہراہوں کا حسن بڑھا دیا جب کہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹرز کی دیو قامت تصاویر راہگیروں کی توجہ کا مرکز بن گئیں،پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شام ساڑھے 6 بجے اکھاڑے میں اتریں گی، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، سڑکیں بند کر دی گئیں، میچ کے دوران 10 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

ٹریفک پلان

ٹریفک پولیس نے شائقین کرکٹ کیلئے 9 پارکنگ سٹینڈز مختص کر دیئے ہیں، جیل روڈ اور مزنگ سے آنیوالے شائقین ایف سی کالج میں گاڑیاں پارک کرینگے، کاہنہ، کوٹ لکھپت سے آنیوالوں کیلئے لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ مختص، کینٹ، گلبرگ سے آنیوالوں کیلئے کیولری، فردوس مارکیٹ پارکنگ کیلئے مختص ، موٹروے، ٹھوکر سے آنیوالی گاڑیاں فیصل ٹاؤن یونیورسٹی ہاسٹلز میں پارک کرینگے، پارکنگ کرنیوالوں کیلئے شناختی کارڈ، میچ کی ٹکٹیں ہونا لازمی ہوگا، پارکنگ ایریا سے مفت شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں ٹیموں کی ٹریننگ

گزشتہ روز پاک اور سری لنکا کی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں ڈٹ کر ٹریننگ کی، پاکستانی ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کپتان سرفراز احمد اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ہمراہ پچ کا جائزہ لیا، باﺅلنگ کوچ وقار یونس باﺅلرز کی کارکردگی میں بہتری کے لئے ان کو ٹپس دیتے رہے، جبکہ بلے بازوں کو ہیڈ کوچ مصباح الحق نے داﺅ پیچ بتائے، سری لنکن ٹیم نے مصنوعی روشنیوں میں تین گھنٹے ٹریننگ کی، سری لنکن کوچ نے بلے بازوں کو پاور ہٹنگ کی خصوصی ٹریننگ کروائی، شام کے اوقات میں پڑنے والی اوس میچ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے میچ میں ٹاس اہمیت اختیار کرگیا ہے،دونوں کپتانوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عندیہ دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں کوئی بھی ٹیم بہتر کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔

پاک سری لنکا ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی  کی رونمائی کی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے،قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا ٹیم کو پاکستان آنے پر خوش آمدید  کہا جس پر  سری لنکن ٹیم کے کپتان ڈاسن شناکا نے کہا کہ وہ پاکستان آکر مہمان نوازی اور سکیورٹی سے بہت خوش ہیں اور وہ دوبارہ بھی پاکستان آ کر کھیلنا چاہیں گے۔

کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس

قذافی اسٹیڈیم میں کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، سری لنکن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھا کم بیک کیا تھا امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلے ہی نمبر چار پر کھیل رہے ہیں اور اسے جاری رکھیں گے،  اس سیریز سے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاری کا آغاز ہو گیا ہے اور اس دوران مختلف کھلاڑیوں کو مواقع دے کر بہتر کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے، شائقین کرکٹ سے درخواست ہے کہ وہ اسٹیڈیم آئیں اور دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں، انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer