گورنمنٹ ہائی سکول برکی کے ہاتھوں لاہور گرامر سکول کو فائنل میں شکست

گورنمنٹ ہائی سکول برکی کے ہاتھوں لاہور گرامر سکول کو فائنل میں شکست
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہبازعلی: گورنمنٹ ہائی سکول برکی نے لاہور گرامر سکول کو 43 رنز سے شکست دے کر پہلی پی سی بی ویمن انڈور انٹر سکول کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی، چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں حصہ لے کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ایسے ایونٹس تسلسل سے ہونے چاہئیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے باب وولمر انڈور ہال میں ہونے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں گورنمنٹ ہائی سکول برکی نے لاہور گرامر سکول کی دعوت پر پہلے کھیل کر 8 وکٹوں پر 110 رنزبنائے۔  جواب میں لاہور گرامر سکول کی ٹیم صرف 67 رنز ہی بنا سکی، پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈ میز مدثر نذر، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید، سینئر منیجر ویمن ونگ شاہد اسلم اور قومی خواتین ٹیم کی کھلاڑی بھی فائنل میچ دیکھنے کے لئے موجود تھیں۔

چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ بورڈ کی جانب سے چیمپئن شپ کا انعقاد بہترین فیصلہ ہے، یہاں آکر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔سینئر منیجر پی سی بی ویمن ونگ شاہد اسلم کا کہنا تھا کہ ٹیپ بال ٹورنا منٹ کروانے کا مقصد بچیوں میں کرکٹ کا شوق پیدا کرنا تھا، اس سے پاکستان کے لئے خواتین کھلاڑیوں کے پول میں اضافہ ہو گا۔  

چیمپئن شپ کی فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو نقد انعام سے بھی نوازاگیا، پی سی بی ویمن ونگ جلد ہی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کرکٹرز کے لئے تربیتی کیمپ لگائے گا۔