و یب ڈیسک: دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اہم اور انقلابی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جن سے ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سالانہ حکومتی اجلاس میں ان منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن کا مقصد دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت اور قابلِ رہائش شہروں میں شامل کرنا ہے۔
شیخ حمدان کے مطابق ان منصوبوں کے ذریعے 15 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ان میں جدید اور کم لاگت نجی اسکولز کا قیام بھی شامل ہے۔
منظور شدہ منصوبوں میں عوامی پارکس، ایوی ایشن ٹیلنٹ پروگرام، مالیاتی دیوالیہ پن عدالت کے قیام اور کینسر کی ابتدائی تشخیص کے نظام جیسے اقدامات شامل ہیں۔ یہ اقدامات دبئی کی معیشت کو دوگنا کرنے اور نجی شعبے میں 65 ہزار اماراتی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کے ہدف کا حصہ ہیں۔
اجلاس میں اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹجک پلان 2033 کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد دبئی کو کھیلوں کا عالمی مرکز بنانا ہے۔ یہ منصوبہ 19 پروگرامز اور 75 اقدامات پر مشتمل ہے جو 17 مختلف کھیلوں پر مشتمل ہوں گے، خصوصاً نوجوانوں اور خصوصی افراد پر توجہ دی جائے گی۔
دبئی کے ولی عہد نے کہا کہ یہ منصوبے دبئی کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت ہر شہری کو خوشحال، صحت مند اور پُرامن زندگی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔