ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے 7سینئر ججز کوذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کےبعدنوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جس کےمطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم کیس مینجمنٹ، ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کریں گی، جبکہ وہ صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے معاملات بھی براہِ راست دیکھیں گی۔ اسی طرح چیف جسٹس صوبائی جسٹس کمیٹی اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی چیئرپرسن بھی ہوں گی۔ سینئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ کو گارڈین کورٹس، اینٹی کرپشن عدالتوں، کمرشل سیشن کورٹس سمیت دیگر عدالتوں کے مانیٹرنگ جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کو انسداد دہشت گردی عدالتوں، اسپیشل کورٹس اوراسپیشل سینٹرل کورٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ جسٹس فیصل زمان خان کو صارف عدالتوں، ڈرگ کورٹس اور جیلوں سے متعلق امور کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح جسٹس مسعود عابد نقوی کو پنجاب ٹربیونلز، لائیوسٹاک ٹربیونلز، ایل ڈی اےاورلیبرکورٹس کے مانیٹرنگ جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔جسٹس شاہد کریم کو ڈسٹرکٹ جوڈیشری، بار ایسوسی ایشنز، ہائیکورٹ ٹرانسپورٹ اور احتساب عدالتوں کے امور کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔