لاہور میں 25 ہزار سے زائد کورونا کے مریض لاپتہ

لاہور میں 25 ہزار سے زائد کورونا کے مریض لاپتہ
کیپشن: Coronavirus patients
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد چودھری)محکمہ پرائمری ہیلتھ کی سنگین غفلت،لاہور میں کورونا وائرس کے 25 ہزار سے زائد مریضوں کا کوئی سراغ ہی موجود نہیں، اتنی بڑی تعداد میں مریض صحت یاب ہوئے یا کس حال میں ہیں؟ محکمہ پرائمری ہیلتھ اس بات سے لاعلم نکلا۔
  تفصیل کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کے پاس کورونا وائرس کے مریضوں کا درست ڈیٹا ہی موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے،محکمہ پرائمری ہیلتھ کی روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جانے والی سرکاری رپورٹ کے مطابق لاہور میں کورونا وبا کے دوران اب تک مجموعی طور پر 163575 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جس میں سے 134565 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 3577 اموات ہوچکی ہیں۔

اس ڈیٹا کے مطابق شہر میں 25433 مریضوں کا محکمہ پرائمری ہیلتھ کے پاس کوئی ریکارڈ ہی نہیں کہ وہ صحت یاب ہوئے یا کسی حال میں ہیں، کورونا وائرس میں مبتلا 25 ہزار سے زائد مریضوں کا کوئی سراغ ہی موجود نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں کورونا کی روک تھام کے لئےتاحال کوئی موثر حکمت عملی ہی وضع نہیں کی جاسکی ہے ۔ طبی ذرائع کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کیلئے لاپتہ 25 ہزار سے زائد مریضوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ نہیں ہوسکی اور یہی مرض کے پھیلاو کی بڑی وجہ ہے ۔

مزید پڑھئے: کورونا کی تیسری لہر بچوں کیلئے انتہائی خطرناک

کورونا وائرس  کی وجہ سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور میں وائرس مزید 19 قیمتی زندگیاں نگل گیا ہے۔ہسپتالوں میں کورونا کے کنفرم مریض کم ہو کر 696 رہ گئے ہیں  لیکن ہلاکتوں کا سلسلہ تھما نہیں،ہسپتالوں میں 249 مریض وینٹی لیٹر پر  جبکہ آئی سی یوز کے 83 فیصد بیڈز پر کورونا مریض زیر علاج ہیں،24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 19 اموات ہوئی  ہیں ٹیسٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 907نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی  ہے۔

 ملکی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے توملک بھر میں  کورونا وائرس کے باعث مزید119 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4ہزار113 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18ہزار429 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ41 ہزار636 ہو گئی ہے۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer