سٹی 42 : ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کا کہنا ہے کہ پتریاٹہ چیئرلفٹ 16 رمضان سے عیدالفطر کے پہلے روز تک بند رہے گی۔
ٹی ڈی سی پی کے مطابق چیئر لفٹ کو سالانہ مینٹیننس کیلیئے بند کیا گیا۔ پتریاٹہ چیئرلفٹ 6 مارچ سے عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔ سیاح نوٹ کرلیں، پتریاٹالہ چیئرلفٹ عید کے پہلے دن تک دستیاب نہیں ہوگی ۔
ٹی ڈی سی پی حکام کا کہنا ہے کہ پتریاٹہ چیئرلفٹ عیدالفطر کے دوسرے روز سے دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دی جائے گی ۔
خیال رہے کہ ٹی ڈی سی پی ( Tourism Development Corporation of Punjab) پنجاب میں سیاحت کے فروغ کا سرکاری ادارہ ہے، جو مختلف مقامات پر ریزورٹس، جدید کمیونٹی کلبز، اور تفریحی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ ادارہ صوبے میں سیاحت کی صنعت کو بڑھانے کے لیے جلو پارک جیسے مقامات پر ریزورٹس کی ترقی اور انتظام کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 29 جون 2019ء کو پتریاٹہ چیئرلفٹ ٹوٹ گئی تھی، جس کے باعث 90 افراد 10 گھنٹے تک ہوا میں پھنسے رہے، ہر کیبل کار میں آٹھ سے نو افراد موجود تھے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پاک فوج سے مدد طلب کی گئی اور کامیاب آپریشن کے بعد تمام افراد کو باحفاظت بچایا گیا، اس آپریشن میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا تھا۔