کلیم اختر: ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو کے افسران و اہلکاروں کے لیے میرٹوریئس سروسز ریوارڈ کے تحت سفارشات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال 2025-26 کی دوسری سہ ماہی کے لیے افسران کو انعامات دینے کی سفارشات مانگ لی ہیں، جو گریڈ 1 سے 20 تک کے افسران و اہلکاروں کے لیے طلب کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے تمام ٹیکس دفاتر کے چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے ریوارڈ کی مختلف کیٹیگریز کے لیے مخصوص کوٹہ بھی مقرر کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف کیٹیگری میں آنے والوں کو مخصوص تناسب سے ایوارڈ دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق افسران و اہلکاروں کو انعامات ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے گریڈ 17 اور اس سے زائد جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کے لیے علیحدہ علیحدہ کارکردگی جائزہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کے سربراہان کو ریوارڈ کمیٹیوں کی سربراہی سونپی جائے گی جبکہ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ طے شدہ تناسب پر سختی سے عمل کیا جائے۔
ایف بی آر کے مطابق بے ضابطگی کی صورت میں سفارشات مسترد کر دی جائیں گی، جبکہ زیادہ عرصہ رخصت پر رہنے والے ملازمین کو ایوارڈ کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔