ویب ڈیسک:دنیا کی بڑی عالمی شپنگ اور کارگو کمپنی میئرسک نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک کے لیے اپنے آپریشنز عارضی طور پر روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق خطے میں غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، کویت، قطر اور عراق کے لیے کارگو سروسز اور نئی بکنگ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت سعودی عرب کی اہم بندرگاہوں دمام اور الجبیل کے لیے بھی کارگو بکنگ روک دی گئی ہے، جس سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور سپلائی چین پر اثرات پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میئرسک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی کے باعث بحری جہازوں، عملے اور سامان کی حفاظت کو یقینی بنانا مشکل ہو رہا تھا، جس کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
کمپنی نے مزید وضاحت کی ہے کہ خلیجی ممالک میں سروسز کی معطلی کے باوجود عمان کی بندرگاہ صلالہ سے آپریشنز فی الحال معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور وہاں سے کارگو کی ترسیل بدستور جاری رکھی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات عالمی تجارت، تیل کی ترسیل اور بحری راستوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق خلیجی ممالک عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے اہم مراکز ہیں، اس لیے کسی بڑی شپنگ کمپنی کی جانب سے سروسز معطل کرنے سے نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ عالمی سپلائی چین بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ خلیجی بندرگاہیں مشرقِ وسطیٰ، ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارتی رابطوں کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ میئرسک دنیا کی سب سے بڑی شپنگ کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے جہاز دنیا کے درجنوں ممالک کے درمیان سامان کی ترسیل کرتے ہیں، اس لیے اس کے کسی بھی بڑے فیصلے کے اثرات عالمی تجارت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔