ویب ڈیسک:کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 2 میں سحری سے قبل دودھ کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے، مسلح ملزمان گاہکوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دودھ کی دکان پر موٹر سائیکل سوار 3 مسلح ملزمان آئے، اسلحہ دکھا کر سحری کا سامان لینے آئے گاہکوں کو لوٹا،ملزمان گاہکوں کی جیب میں ہاتھ ڈال کر پیسے اور موبائل فون نکال کر لے گئے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ پولیس نے ڈکیتی سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال کسی نے ڈکیتی سے متعلق رپورٹ نہیں کروائی۔
ایک گاہک جس کی گود میں بچہ تھا نے ڈاکوؤں کو دیکھتے ہی چپکے سے اپنا موبائل فون دکان کے اندر ہاتھ ڈال کر انڈوں کے کریٹس کے درمیان چھپا دیا، جسے کیمرے کی آنکھ نے ریکارڈ کر لیا۔