اب کسی کی مرضی نہیں چلے گی، ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہو گی، محسن نقوی

Mohsin Naqvi Chairman PCB, Pakistan Cricket Board, Cricket Team, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا،  ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہو گی۔

 چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے  مقامی ہوٹل میں ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کی ملاقات ہوئی، محسن نقوی فردا فردا ہر کھلاڑی کی نشت پر گئے، کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔

 چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے غلط کیا ہے یا صحیح،  تنقید نہیں کرنا چاہتا۔ ہم سب کا ایک ہی مشن ہے اور وہ  ہے جیتنا۔ ہم جیت سکتے ہیں اور جیت اس وقت ممکن ہے جب سب اکٹھے ہوں۔ اب ٹیم میں تمام کھلاڑی میرٹ پر آئیں گے۔ اب فلاں کا بندہ یا فلاں کی مرضی نہیں چلے گی۔ اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہمارے سٹارز ہیں۔ ہر میدان میں نشیب و فراز آتے ہیں۔ پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہو گی۔ ہال میں موجود تمام کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے لئے کوالیفائی کرتے ہیں۔ ہمیشہ بڑے مقصد کے لیے  قربانی دینا پڑتی ہے۔ کھلاڑی پہلے پاکستان کو ترجیح دیں، آمدن دوسری ترجیح ہونی چاہیے ۔ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے ۔ 11 کھلاڑی اکٹھے ہو کر میدان میں اتریں گے تو کامیابی ملے گی۔ میچ ہار بھی جائیں تو کوئی غم نہیں لیکن فائٹ کرکے ہاریں۔ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور لڑ کر ہارنے پر کوئی ندامت نہیں ہوتی۔ کھلاڑیوں کی فٹنس پر  فوکس کیا جائیگا۔ نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، ہم نے انگلینڈ، آئر لینڈ اورامریکہ جانا ہے۔ ٹریننگ کے لئے وقت نکالنا مشکل تھا تاہم 25سے 8 تک کاکول میں کیمپ لگے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سب کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ کھلاڑی جب چاہیں مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں، میرے دروازے آپ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ کرکٹ اکیڈمی کو بہتر بنایا جائے گا۔ سٹیڈٹیمز کو اپ گریڈ کریں گے۔ کرکٹ بورڈ کے پاس جتنے پیسے ہیں کھلاڑیوں پر لگائے جائیں گے۔ کرکٹ بورڈ کے پیسے جمع کرکے نہیں رکھنے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی کے قریب 5سٹار ہوٹل کے حوالے سے تیاری کی جارہی ہیں۔  کوچنگ اسٹاف کی تقرری کے لیے رابطے میں ہیں اور بہترین دستیاب افراد کو کوچنگ اسٹاف میں تعینات کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیف سلیکٹر وہاب ریاض،  چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور پی سی بی کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔