پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر

پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں واقع بنوں ویسٹ بلاک میں کھودے گئے ایس ٹی ون ایکسپلوریشن کنویں سے 25 ملین کیوبک فٹ گیس کی پیداوار شروع کردی گئی ۔ 

ڈائریکٹر ماڑی گیس کمپنی کے مطابق دوسرے کنووٴں سے مزید گیس کی فراہمی 200 ملین مکعب فٹ یومیہ ہوگی، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان آرمی کے توسط سے تمام پروجیکٹس میں مقامی لوگوں کو نہ صرف گھر کے نزدیک روزگار مہیا ہوا بلکہ اس سے منسلک سماجی ذمہ داریوں کے بیشتر منصوبے بھی پایہ تکمیل کو پہنچے جن کی لاگت تقریباََ70ملین روپے ہے۔

تفصیلات کے مطابق تقریباََ ایک سال کی محنت کے نتیجے میں مئی2022میں اس منصوبے سے قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے جس کی لاگت تقریباََ ایک کھرب کیوبک فٹ ہے۔اس علاقے میں گیس کے وسیع پیمانے پر ذخیروں کی دریافت شمالی وزیرستان کی عوام کی ترقی و خوشحالی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

اس ذخیرے سے ملک کو تقریباََ 1.5 بلین ڈالر سالانہ غیر ملکی ترسیلات کی بچت ہو گی۔ یہ ذخائر ملکی گیس کی کل پیداوار کاتقریباََ15فیصد ہیں۔ گیس پروڈکشن کے ساتھ ساتھ منصوبے کو قومی گرڈ کے ساتھ جوڑنے کیلئے سوئی ناردرون گیس پائپ لائن نے پائپ بچھانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر میر علی نے کہا کہ ان منصوبوں میں پانی، سولر پلانٹ، مساجد و مدارس کی مرمت و فعالی، صاف پانی اور مفت راشن کی تقسیم سرفہرست ہیں، اس کے ساتھ ساتھ تمام کیمپس میں مقامی افراد کو سیکورٹی گارڈ بھرتی کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گریڈنگ اور سڑکیں بنانے کے تمام منصوبے بھی مقامی ٹھیکیداروں کو ہی دیے گئے ہیں، آئندہ سالوں میں ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن نے تقریباََ8سو ملین روپے کی مالیت کے سماجی ذمہ داری کا پلان بھی مرتب کر رکھا ہے۔