ملک اشرف : ممبر ان لینڈ ریونیو اپیلٹ ٹربیونل اور معروف قانون دان محمد محسن ورک کے صاحبزادے محمد قاسم ورک نے کینیڈا میں شاندار تعلیمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
کینیڈا کی معروف یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ٹورنٹو مسیساگا نے ونٹر 2026 سیشن کے لیے محمد قاسم ورک کو "ڈین لسٹ اسکالر" نامزد کیا ہے۔ یہ اعزاز ان طلبہ کو دیا جاتا ہے جو اپنی تعلیمی کارکردگی میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3.50 یا اس سے زائد مجموعی گریڈ پوائنٹ ایوریج (GPA) برقرار رکھتے ہیں۔،یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محمد قاسم ورک کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، لگن اور اعلیٰ تعلیمی معیار کا مظہر ہے۔ یونیورسٹی نے اس اعزاز کو محمد قاسم ورک کے تعلیمی ریکارڈ کا مستقل حصہ بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔یونیورسٹی آف ٹورنٹو مسیساگا کے وائس پرنسپل اکیڈمک و ڈین بل گف نے محمد قاسم ورک کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی علمی کاوشوں اور شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے محمد قاسم ورک کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔محمد قاسم ورک کی اس نمایاں کامیابی پر وکلاء برادری، قانونی حلقوں، دوست احباب اور عزیز و اقارب کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وکلاء نے محمد محسن ورک کو ان کے صاحبزادے کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔معروف وکیل رہنما احسن بھون نے محمد قاسم ورک کی کامیابی کو پاکستانی طلبہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی نوجوانوں کی تعلیمی کامیابیاں ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں۔
محمد قاسم ورک کی اس شاندار کامیابی پر اہلخانہ، دوستوں اور قانونی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مختلف سماجی، تعلیمی اور قانونی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا کی ہے۔تعلیمی ماہرین کے مطابق ڈین لسٹ اسکالر کا اعزاز یونیورسٹی کے اعلیٰ ترین اعزازات میں شمار ہوتا ہے اور محمد قاسم ورک کا اس فہرست میں شامل ہونا ان کی علمی صلاحیتوں اور محنت کا واضح اعتراف ہے۔