ویب ڈیسک: جاپان نے فضائی سفر کو زیادہ ماحول دوست بنانے کے لیے استعمال شدہ کوکنگ آئل سے ایوی ایشن فیول تیار کرنے کی کوششوں میں تیزی کر دی ہے۔ حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے شروع کیے گئے منصوبے کے تحت گھروں اور کاروباری مراکز سے استعمال شدہ کھانے کا تیل جمع کر کے اسے پائیدار جیٹ فیول میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق "فرائی ٹو فلائی" نامی مہم کے ذریعے شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ استعمال شدہ تیل ضائع کرنے کے بجائے مخصوص مراکز پر جمع کروائیں تاکہ اسے ماحول دوست ایندھن کی تیاری میں استعمال کیا جا سکے۔ اس پروگرام میں شامل بعض شہری سالانہ درجنوں لیٹر تیل فراہم کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان نے 2030 تک اپنی فضائی ایندھن کی ضروریات کا نمایاں حصہ پائیدار ذرائع سے پورا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے لیے تقریباً 1.7 ملین کلو لٹر سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول (SAF) درکار ہوگا۔ تاہم موجودہ پیداوار صرف 30 ہزار کلو لٹر کے قریب ہے، جو ملک میں استعمال ہونے والے مجموعی جیٹ فیول کا انتہائی محدود حصہ بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خام مال کی محدود دستیابی اور ضروری انفراسٹرکچر کی کمی اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں، جس کے باعث جاپان کو مستقبل میں SAF درآمد کرنے کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے۔
دوسری جانب ٹوکیو انتظامیہ نے تیل جمع کرنے کی مہم کو وسعت دیتے ہوئے لاکھوں گھروں تک آگاہی مہم شروع کر دی ہے، جبکہ متعدد سپر مارکیٹس اور ریٹیل اسٹورز بھی استعمال شدہ تیل جمع کرنے کے عمل میں شامل ہو رہے ہیں۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق یہ اقدام ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور گرین انرجی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے، تاہم 2030 کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مزید سرمایہ کاری، جدید سہولیات اور وسیع پیمانے پر خام مال کی فراہمی ناگزیر ہوگی۔