(ویب ڈیسک) اداکار بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداکاراؤں نے بالی ووڈ میں کام کرکے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے بجائے ڈبویا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ فواد خان نے بھارت جاکر بالی ووڈ میں شاندار کام کیا، اگر وہ آج بھی بالی ووڈ فلمیں کررہے ہوتے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ تمام بالی ووڈ خانز کو پیچھے چھوڑ دیتے اور بالی ووڈ کے نمبر ون اسٹار بن جاتے۔ اُنہوں نے بتایا کہ فواد خان کے علاوہ جاوید شیخ نے بھی بالی ووڈ میں بڑا نام کمایا جبکہ ہماری چند اداکاراؤں نے بالی ووڈ فلموں میں اپنے کام سے پاکستان کا نام روشن کرنے کے بجائے اپنے ملک کا نام ڈبو دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز سے پابندی ہٹا دینی چاہیے، جب یہاں کے سینما گھروں میں بھارتی فلمیں لگیں گی تو اُس کے بعد لالی ووڈ میں بھی مزید بہترین فلمیں بنیں گی اور لوگ یہاں زیادہ سے زیادہ نئے سینما گھر بھی بنائیں گے۔ بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کی وجہ سے ہمارے سینما گھر بھی بھرے ہوئے نظر آئیں گے کیونکہ پاکستانی شائقین بھی بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
بہروز سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ جس دن ہماری فلمیں اس قابل ہوجائیں گی تو اُس وقت بھارتی سینما گھروں میں بھی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی۔ پاکستان کی واحد فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ نے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے اور اربوں روپے کمائے ہیں۔