صرف 35 نمبر لیں اور وکیل بنیں

صرف 35 نمبر لیں اور وکیل بنیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف ) قانون کی ڈگری حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے خوشخبری، پنجاب بار کونسل نے لاء گیٹ میں 35 نمبرز حاصل کرنے والے امیدواروں کو کامیاب قرار دے دیا، رواں سال کورونا وائرس کے باعث لاء گیٹ کا امتحان نہ ہونے کے باعث امیدواروں کو مشروط وکالت لائسنس جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی کی سربراہی میں کمیٹی نے فیصلہ کیا۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی جمیل اصغر بھٹی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث نوجوان وکلاء کی سہولت کے لیے فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے وکالت لائسنس کے لیے لاء گیٹ میں پچاس نمبرز حاصل کرنا ضروری تھا، گزشتہ سال چالیس نمبرز والے امیدواروں کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا۔

اب کورونا وائرس خدشات کے باعث 35 نمبرز والے امیدواروں کو کامیاب قرار دے رہے ہیں۔ جمیل اصغر بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ مشروط وکالت لائسنس حاصل کرنے والے امیدواروں کو تین سال میں امتحان پاس کرنا لازم ہوگا۔ 

دوسری جانب لاہور میں کورونا سے مزید 11 اموات کے علاوہ  24 گھنٹے میں 724 کیسز سامنے آگئے، شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار 329 ہوگئی، تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا، ہسپتالوں میں داخل62 مریض وینٹی لیٹر پر منتقل،82 روز کے دوران شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 16329 اور 237 اموات ہوچکی ہیں۔

شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 559 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 89 آئی سی یو میں اور 62 وینٹی لیٹر پر ہیں اور کورونا کے سیریس مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

پنجاب بھر میں کورونا سے مزید 38 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 1615 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ صوبے بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 608 ہوگئی ہے اور کیسز 31104 تک پہنچ گئے ہیں۔