کامران مستوئی: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور کے قریب7 کروڑ روپے مالیت کے امپورٹڈ کپڑے سے بھرا ٹرالر چھین لیا گیا، کراچی سے لاہور جانے والے ٹرالر کو خیرپور کے علاقے ببرلو کے قریب روک کر قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی خیر پور کے مطابق ملزمان ٹرالر کا ٹریکر اتار کر پھینکنے کے بعد سامان منتقل کرکے فرار ہوگئے،ملزمان سامان اتارنے کے بعد خالی ٹرالر ضلع شکارپور میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے سکھر شہر میں کارروائی کرتے ہوئے 7کروڑ روپے مالیت کا مسروقہ امپورٹڈ کپڑا برآمد کر لیا۔ تحقیقات میں سکھر کے دو تاجر، ٹرالر ڈرائیور اور نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دو ملازمین کے واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق واردات مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔خیرپور کے تھانہ ببرلو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دوسرا مقدمہ سکھر میں بھی درج کیا جا رہا ہے۔