عابد چودھری: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ باٹا پور محمد صدیق بھٹی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور مسلسل روپوشی اختیار کیے ہوئے تھا۔
محمد صدیق بھٹی کے مطابق گرفتار ملزم نے 2013 میں شہری محسن کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور واردات کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس مختلف اوقات میں اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارتی رہی، تاہم ملزم قانون کی گرفت سے بچنے میں کامیاب رہا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا اور قانون سے فرار ہونے والے عناصر کو ہر صورت گرفتار کرکے عدالتوں کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔