(ویب ڈیسک) چین میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، 85 ہزار افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا، پندرہ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران تاحال لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کے جنوب مغربی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کئی گھر تباہ ہوگئےہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ، پول گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات نے 15 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔
میونسپل ادارے کے ترجمان کے مطابق بارشوں سے 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئےہیں۔ ریلوے پل گرنے سے کئی دیہاتوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے اور سیلابی ریلے میں پھنسے 85 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو کے کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔