( در نایاب ) ایل ڈبلیو ایم سی کا شہر کی صفائی سنبھالنے کا پانچواں روز، کمشنر لاہور ذوالفقار احمد گھمن اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کی پریس کانفرنس، کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ صفائی صورتحال پر شہریوں کی تکلیف کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا آئندہ چند روز میں صورتحال پر قابو پالیں گے۔
شاہین کمپلیکس میں کمشنر ذوالفقار احمد گھمن نے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان اور سی او ایم سی ایل حافظ شوکت علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر امان انور قدوائی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ شہر میں صفائی کی خراب صورتحال سے انکاری نہیں جلد صورتحال بہتر ہوگی اور جس کیلئے دن رات کوشش کی جارہی ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان نے بتایا کہ دو ہزار گیارہ میں سات سالہ کنٹریکٹ دیا گیا جو ختم ہوگیا ہے، لانگ ٹرم پراجیکٹ کے تحت دو پلان مرتب کئے ہیں۔ سی ای او نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ اور اِن سورسنگ کے دو پلان جمع کرائے گئے ہیں، تاہم عبوری پلان پر چار سے چھ ماہ کا وقت لگے گا۔
عمران علی سلطان نے کہا کہ پلان اے اور بی دونوں پر کام کیا گیا، پلان اے کے مطابق انٹرنیشنل کنٹریکٹر سے مشینری لے لی ہے جبکہ پلان بی میں رینٹل مشینری دستیاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چالیس دن کیلئے اٹھارہ کروڑ سے زائد لاگت سے کوڑا اٹھائیں گے جو انٹرنیشنل کنٹریکٹر چالیس کروڑ سے زائد میں اٹھاتے تھے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور شہر میں صفائی کے ناقص حالات پر معذرت خواہ ہیں۔