ویب ڈیسک : گوگل نے 40 فی صد اینڈرائیڈ فونز خطرے میں ہونے کا اعلان کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ دنیا بھر میں موجود اینڈرائیڈ فونز میں سے چالیس فی صد سیٹ نئے سائبر حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
گوگل نے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ جاری کر دی، اور تصدیق کی ہے کہ اس وقت تمام اینڈرائیڈ فونز میں سے چالیس فی صد سے زائد نئے میل ویئر اور اسپائی ویئر حملوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔گوگل نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اینڈرائیڈ ٹوئیلو اور اس سے پرانے ورژن کے فون سیٹ ایسے حملے برداشت نہیں کر سکیں گے، اور سائبر حملوں میں دنیا کے صرف 58 فی صد فون سیٹس کو سپورٹ کیا جا سکے گا۔
گوگل کی جانب سے جاری تازہ ترین چارٹ میں دی گئی معلومات تشویش ناک ہیں، اعداد و شمار کے مطابق ڈیٹا جمع کیے جانے کے وقت (دسمبر میں) تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فی صد فونز پر موجود تھا، جب کہ اینڈرائیڈ 15، 19.3 فی صد فونز پر، اینڈرائیڈ 14، 17.9 فیصد فونز پر، اور اینڈرائیڈ 13، 13.9 فی صد فونز پر استعمال ہو رہا تھا۔
اینڈرائیڈ کے یہ چاروں ورژن اس لیے اہم ہیں کیوں کہ گوگل اب اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے ورژنز کے لیے اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کرتا۔ اس طرح جہاں تقریباً 58 فی صد فونز اب بھی گوگل کی سیکیورٹی سپورٹ کے تحت ہیں، وہیں 40 فی صد سے زیادہ فونز اس سہولت سے محروم ہیں۔