ویب ڈیسک:صدرمملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نےسکیورٹی فورسز کو بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیاہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمدشہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن رضانقوی نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ ون مکمل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور تحسین کی ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ دو سو سولہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بدامنی کی سازش ناکام بنائی۔
وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن رضانقوی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے انجام کو عبرتناک موت قرار دیاہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل کر لیا گیاہے ، آپریشن کے دوران 216دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر مربوط اور تیز کارروائیاں کی گئیں،بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنا کر امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔