علی ساہی: یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبہ پنجاب میں سکیورٹی کے انتظامات کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے, لاہور سمیت صوبہ بھر میں 11 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق 175 سپروائزری افسران، 240 انسپکٹرز، 1550 اپر سب آرڈینیٹس اور 300 خواتین اہلکاروں سمیت 9 ہزار کانسٹیبلز سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں 450 سے زائد پروگراموں کو سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 346 ریلیز، 84 سیمینار اور 23 دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے لیے حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ خاص طور پر یکجہتی کشمیر کی ریلیوں اور اے کیٹگری پروگراموں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ "شرپسند اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے" اور یوم یکجہتی کشمیر کے دوران شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔