ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ڈی ایم کا 26 مارچ کو لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ

پی ڈی ایم کا 26 مارچ کو لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ اجلاس ہوا جس میں 26 مارچ کو حکومت کیخلاف لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سینیٹ الیکشن میں بھی مشترکہ امیدوار کھڑے کئے جائیں گے، ن لیگ کی مریم نواز، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  زرداری، امیر حیدر ہوتی، آفتاب شیرپاؤ،  محمود خان اچکزئی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی طور پر شرکت کی۔پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دینے کا فیصلہ کیا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کو قائل نہ کرسکی، تحریک عدم اعتماد اور استعفوں پر سینیٹ الیکشن کے بعد دوبارہ غور ہوگا۔ 

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ملک سے 26 مارچ کو اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے، سینیٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑیں گے، لگتا ہے پی ٹی آئی کو اپنے لوگوں پر اعتماد نہیں، پی ٹی آئی ایسے لوگوں کو سینیٹر بنانا چاہتی ہے جنہیں خود ان کے لوگ پسند نہیں کرتے، پی ڈی ایم عظمت سعید کی سربراہی میں بنائے گئے براڈ شیٹ کمیشن اور سینیٹ الیکشن سے متعلق حکومت کی آئینی ترمیم کو مسترد کرتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خود عمران خان کہتے تھے کہ اراکین کو ترقیاتی فنڈ دینا رشوت کے مترادف ہے، سپریم کورٹ نے اس کا نوٹس لیا ہے ، ترقیاتی فنڈ تقسیم کرنے سے روکا جائے، 10 فروری کو سرکاری ملازمین اپنا احتجاج لے کر اسلام آباد کی طرف آرہے ہیں، پی ڈی ایم سرکاری ملازمین کے شانہ بشانہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسٹیٹ بینک نے 23 اکاؤنٹس بتائے ہیں، ان اکاؤنٹس میں سے 18 کو چھپایا جارہا ہے، اس معاملے میں فوری فیصلہ ہونا چاہیے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سپیکر اور چیئرمین کے رویوں کے خلاف احتجاج جاری رہے گا اور ہم ایوان کی کارروائی میں ان سے تعاون نہیں کریں گے، ساری دنیا کو چور اور کرپٹ کہنے والا سب سے بڑا کرپٹ ثابت ہوا ہے ،عمران خان ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے حوالے دیا کرتے تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم مظفرآباد میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ کرے گی، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کشمیر کو بیچ دیا گیا ہے، ہماری لڑائی غیر جمہوری عمل کے خلاف ہے، میاں صاحب کا ایک ہی پیغام تھا کہ آل از ویل، حکمران جماعت کے ممبران کا اپنی پارٹی پر اعتماد نہیں رہا ، چیئرمین سینیٹ کیلئے ہارس ٹریڈنگ کے وقت اوپن بیلٹنگ کیوں یاد نہیں آئی؟۔

Sughra Afzal

Content Writer