ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

زمان پارک حملہ کیس: فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت 10 اگست تک ملتوی

زمان پارک حملہ کیس: فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت 10 اگست تک ملتوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 جمال الدین جمالی:  زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے سے متعلق مقدمے میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی, عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل سے ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے جبکہ پراسیکیوشن کو مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

دورانِ سماعت ملزمہ کے وکیل نے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید خاتون ہیں اور قانون کے مطابق انہیں ضمانت پر رہائی دی جانی چاہیے۔ وکیل نے مزید کہا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے، اس لیے ملزمہ کو مزید جیل میں رکھنے کا جواز نہیں بنتا۔

فلک جاوید نے جیل سے اپنے وکیل کی وساطت سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ وہ اس مقدمے میں اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے کے مقدمے میں نامزد ہیں۔ ان کے مطابق ملزمہ سے ایک پیٹرول بم بھی برآمد ہوا تھا۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر عدالتی سمن کی تعمیل کے لیے گئی تھی، جہاں مشتعل کارکنوں نے پیٹرول بم پھینکے اور پولیس افسران کو زخمی کیا۔

یاد رہے کہ پولیس پر حملے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 کے تحت درج ہے، جس کی مزید سماعت 10 اگست کو ہوگی۔