ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ڈی ایم اے کا پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے کا پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائوں میں سیلاب کی صورتحال،بارشوں کے پیش نظراربن فلڈنگ اورلینڈسلائیڈنگ کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔  

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ چند مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

 دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 40 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نالہ ڈیگ کنگرا، نارووال کے نالہ بسنتر اور شکر گڑھ کے نالہ بئین میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ نالہ ڈیگ کنگرا میں پانی کا بہاؤ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ کے مطابق بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سیروتفریح سے گریز کریں اور بچوں کو ہرگز نہانے کے لیے پانی کے قریب نہ جانے دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔