ویب ڈیسک :معروف بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل کی طبیعت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
شہناز اس وقت زیرعلاج ہیں، تاہم ان کی بیماری کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے ۔
شہناز گل کے بھائی شہباز بدرشاہ نے ان کی بیماری کی اطلاع سب سے پہلے مداحوں کو دی۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کال کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں شہناز کو ہسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بدر شاہ نے اپنی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
اداکار کرن ویر مہرا، جو حال ہی میں بگ باس 18 کے فاتح قرار پائے ہیں، شہناز کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ ”میں چاہتا ہوں کہ آپ سب دل سے دعا کریں کہ یہ لڑکی جلد از جلد مکمل توانائی کے ساتھ واپس آئے۔“