سٹی42:پنجاب حکومت نے اسٹیج تھیٹرز کو فیملی تھیٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں عریانی و فحاشی کے خاتمے کے لیے ایک قانونی مسودہ تیار کر لیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق نئے تھیٹر ایکٹ کے تحت اسٹیج تھیٹرز کی مانیٹرنگ کے اختیارات ضلعی انتظامیہ سے واپس لے کر محکمہ انفارمیشن پنجاب کو تفویض کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تھیٹرز میں فحاشی کا خاتمہ ہر صورت میں کیا جائے گا اور اس کے لیے انتظامات اور اختیارات ضلعی انتظامیہ سے محکمہ انفارمیشن کو جلد منتقل کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسا تھیٹر چاہیئے جو حقیقی معنوں میں فیملی تھیٹر کہلائے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ تھیٹرز میں فحاشی و عریانی اور بھارتی گانے چلانے پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ نئے ایکٹ میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر سخت سزائیں، جرمانے اور لائف بین کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا تھیٹر فیملی تھیٹر کی حیثیت سے اب تک نہیں ہے لیکن ان اقدامات سے ان شاء اللہ اس صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔