سٹی42: کاہنہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 12 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم حسیب کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق زخمی بچہ مزمل اپنے چچا کے ہمراہ کشمیر پتی روڈ پر جا رہا تھا کہ ملزم حسیب نے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بچہ زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے ملزم حسیب سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا اور مقدمہ درج کرکے ملزم کو انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہوائی فائرنگ اور اسلحہ نمائش پر مکمل پابندی عائد کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کی اندھی گولیاں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے اس طرح کے واقعات کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔