ٹائون شپ (سٹی 42 نیوز) عالمی ادارہ صحت نے کورونا کے باعث وفات پانے والے مریضوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے وفات پانے والے افراد کو غسل اور کفن دیا جاسکتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے وفات پانے والے کی میت اچھوت نہیں ہے، ابھی تک میت کو چھونے والے افراد کو یہ وائرس لگنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، میت کو غسل اور کفن دیا جاسکتا ہے، میت کو عزت کے ساتھ دفنایا جا سکتا ہے۔ کورونا کا مرض متاثرہ مریض کے لعاب اور رشتے داروں سے ملنے سے لگتا ہے، میت کو دفنانے میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میت کو تھیلے میں ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے، میت کو غسل دینے اور قبر میں اتارنے والے کو دستانے، ماسک اور چشمہ لازمی پہننا چاہیے، آج تک کورونا کے مریض کی میت سے کوئی بھی متاثر نہیں ہوا، خاندان کے لوگ میت کو دیکھ سکتے ہیں لیکن میت کو ہاتھ لگانے اور بوسہ دینے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
عالمی ادارے کے مطابق مرنے والے شخص کے سامان کو جلانے یا ختم کرنے کی بھی ضرورت نہیں بلکہ ڈٹرجنٹ سے اور جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک پاکستان میں 42 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2776 ہوگئی ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کنفرم مریضوں کی تعداد 1133 تک جا پہنچی ہے جبکہ 5 اموات ہوئی ہیں، لاہور پولیس کے 5 اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے ،لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 13 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے،سینماگھر، شادی ہالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں