عرفان ملک :لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد گاڑیوں اور 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی سنیپ چیکنگ کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران بغیر کاغذات موٹر سائیکل چلانے والے 8 ہزار 897 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ 177 اپلائیڈ فار اور 422 غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ اس کے علاوہ 265 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ جمعتہ المبارک کے پیش نظر شہر بھر میں سنیپ چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ نمازِ جمعہ کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔