ماسٹر ٹائلز کے مالک کی گرفتاری کے بعد ماسٹر سٹی کے مالک پر فراڈ کا مقدمہ

Shaikh Maqsood, Master City Housing Scheme Gujranwala, Master Tiles, Master Group of Industries, Fraud Case, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد اقبال رانا: گوجرانوالہ میں ماسٹر سٹی ہاؤسنگ سکیم کے مالک شیخ مقصود اقبال کے خلاف دھوکہ دہی،فراڈ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

شیخ مقصود اقبال کے خلاف فراڈ کا مقدمہ گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مرزا شاہ زمان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔  گی ڈی اے کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شیخ مقصود اقبال نے رہن شدہ پلاٹس کی ملکیت میں ردوبدل کرکے پلاٹ رہن ہونے کے باوجود  بیچ ڈالے۔

جی ڈی اے کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ ملزم نے ماسٹر سٹی کے رہائشیوں کو وعدے کے مطابق بجلی،گیس،سیوریج اور واٹر سپلائی کی سہولیات مہیا نہ کیں۔ماسٹر سٹی کےرہائشی آئے روز احتجاج کرتے رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شئیر کی گئی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ماسٹر سٹی میں جی ڈی اے نے چھاپہ مارا تو  وہاں پہلے سربمہر کیا گیا دفتر چالو حالت میں پکڑا گیا، جی ڈی اے افسران کی آمد کی خبر پھیلنے پر اس سوسائٹی کے رہائشیوں نے بھی دھاوا بول دیا۔ سوسائٹی کے رہائشیوں نے شیخ مقصود کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔

دریں اثنا ایک شہری نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ماسٹر سٹی ہاؤسنگ سکیم میں چھ دن سے بجلی نہیں ہے۔ (واجبات ادا نہ ہونے کی وجہ سے گیپکو نے بجلی منقطع کر رکھی ہے۔)

واضح رہے کہ گزشتہ دن پولیس نے گیپکو کی ایف آر پر کارروائی کرتے ہوئے گیپکو کے سب سے بڑے نادہندہ ماسٹر ٹائلز کے مالک شیخ محمود کو گرفتار کر کے تھانہ کی حوالات میں بند کیا تھا، آج ماسٹر سٹی کے مالک شیخ مقصود پر فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ مقصود ماسٹر ٹائلز کے مالک شیخ محمود کے سوتیلے بھائی ہیں۔