سٹی42: موٹر سائیکل پر چھ چھ بچوں کو اور ساتھ میں بیگم کو بھی لاد کر مصروف سڑکوں پر موٹر سائیکل بھگانا کوئی نئی بات نہیں، بہت سے لوگ بچوں، بیوی اور خود اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر یہ کرتب روزانہ کرنے کے عادی ہیں، یہ لوگ یہ بھی نہیں مانتے کہ وہ کوئی خطرناک کرتب کر رہے ہیں۔ ان کو ٹوکا جائے تو ان کے پاس سڑک پر موت کے کنویں جیسا کرتب کرنے کو "جائز" قرار دینے کی لامتناہی وجوہات ہوتی ہیں جن میں سے اہم ترین یہ ہوتی ہے کہ بچوں کو ٹرانسپورٹ کرنے کے لئے پیسے خرچ کہاں سے کریں۔ لیکن اب نیا یہ ہوا ہے کہ ایک صاحب کا چھ بچوں کو موٹر بائیک پر بٹھا کر سڑک پر آنے کے سبب بھاری رقم کا چالان ہو گیا ہے۔ یہ جرمانہ بھرنا ہی پڑے گا جو بہرحال بچوں کو مھفوظ ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے خرچ سے کہیں زیادہ ہے۔
چھ بچوں کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر ان کی اور اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے بات کا چالان بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ایک شہر ہاپوڑ میں ہوا ہے۔
موٹر سائیکل پر چھ بچوں کو بٹھانے والے شہری کو اس سنگین بے احتیاطی اور سنگین ترین وائلیشن پر سبق سکھانے کے لئے ٹریفک سارجنٹ نے اس کا 7 ہزار روپے کا چالان کر دیا۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 22 ہزار 269 روپےبنتی ہے۔ اتنی رقم سے کوئی باپ چھ بچوں کو کسی رکشا پر لاد کر روزانہ دو مرتبہ پورا مہینہ محفوظ سفر کر سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا میں آج شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے قصبے گڑھ مکتیشور میں ایک غیر محتاط شہری کو چھ بچوں کو موٹر سائیکل پر لے جاتے دیکھ کر ٹریفک پولیس اہلکار دنگ رہ گئے اور اس سے ہاتھ جوڑ کر 7 ہزار روپے کا چالان کردیا۔
چالان کرنے والے ٹریفک پولیس اہلکار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ سنگین وائلیشن کرنے والے شہری کے سامنے ہاتھ جوڑے کھڑا ہے۔
یہ واقعہ آج صبح ہی پیش آیا جہاں ٹریفک پولیس معمول کی انسپیکشن کر رہی تھی۔ موٹر سائیکل پر سات افراد سوار تھے جن میں موٹر سائیکل سوار خود اور چھ بچے شامل تھے۔ اس لئے ٹریفک سارجنٹ جی نے فی کس ایک ہزار روپیہ کے ھساب سے جرمانہ ٹھوکا۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار نے اپنی اور بچوں کی حفاظت کو مکمل طور پر نظر انداز کیا تھا، جواب میں افسران نے متعدد ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں پر 7000 روپے جرمانہ کا چالان جاری کیا۔
تصویر میں ٹریفک پولیس اہلکار بائیکر کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے اس کا مقصد عوامی بیداری اور سڑک پر سیفٹی کو اولیت دینے کی اپیل کرنا تھا۔
ٹریفک پولیس حکام نے یہ بھی کہا کہ یہ اشارہ شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے بچنے کی درخواست کی علامت ہے۔
ایک افسر نے کہا، "اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ اپنی حفاظت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔”