(ویب ڈیسک)کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شیلنگ اور لاٹھی چارج کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر زخمی ہوگئے۔
راجہ اظہر کو طبی امداد کے لئےجناح ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ جناح ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر کی ٹانگ میں گولی لگی ہے، طبی امداد دے دی گئی ہے۔جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر کے بائیں ٹخنے میں گولی لگی ہے۔
راجہ اظہر کی ٹانگ کا ایکسرے کرایا جا رہا ہے، راجہ اظہر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کےخلاف کراچی میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو جناح ہسپتال سے حراست میں لے لیا۔ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو آرٹلری میدان تھانے منتقل کردیاگیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنان آرٹلری میدان تھانے پہنچ گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر کے ایکسرے میں گولی لگنےکےکوئی شواہد نہیں ملے، راجہ اظہر کے پاؤں پر زخم کسی نوکیلی چیز کےلگنےکا ہے، جناح اسپتال میں راجہ اظہر کے پاؤں کی ڈریسنگ کردی گئی، دوران احتجاج پولیس کی جانب سےکوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ راجہ اظہر کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔