(اکمل سومرو) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے پرائیویٹ انجینئرنگ کالجوں میں داخلوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔ لاہور کے صرف تین نجی کالجوں میں بی ایس سی انجینئرنگ میں داخلے لیے جاسکتے ہیں۔ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر منظور شدہ ڈگریوں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ انجینئرنگ کالجوں میں داخلوں کے لیے یو ای ٹی کی جانب سے سٹوڈنٹس پیرنٹس الرٹ جاری کیا گیا ہے، طلبا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ نجی کالجوں میں داخلہ لینے سے پہلے اس کی منظور شدہ ڈگری پروگرامز سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
یونیورسٹی کی جانب سے نجی اداروں میں داخلوں کے لیے ڈگریوں کی تفصیلات اور الحاق کالجوں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ یو ای ٹی نے لاہور کے تین کالجوں میں بی ایس سی انجینئرنگ میں داخلوں کی اجازت دی ہے جس میں سر سید کالج آف کمپیوٹر سائنس گلبرگ، شریف کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کالج آف ٹیکنالوجی رائیونڈ شامل ہیں۔
یو ای ٹی نے طلبا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مذکورہ کالجوں کے علاوہ کسی بھی کالج میں داخلہ لینے سے گریز کریں۔