کلیم اختر:لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ٹولنٹن مارکیٹ میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء برآمد کر کے تلف کر دیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ہونے والے اس گرینڈ آپریشن کے دوران 9 ہزار 645 کلو مردہ مرغیاں، ایک من سے زائد ممنوعہ رنگ اور ایکسپائر اشیاء کو ضائع کیا گیا۔
کارروائی کے دوران 36 فوڈ یونٹس اور سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جبکہ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 6 لاکھ 26 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق متعدد ریسٹورنٹس کے کچن میں حشرات کی بھرمار اور انتہائی غیر صحت بخش، تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔ مزید برآں گندے، بدبودار اور فنگس زدہ فریزرز میں ڈیری مصنوعات اور گوشت کو اکٹھا ذخیرہ کیا جا رہا تھا، جو سنگین صحت کے خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کئی مقامات پر آئل تبدیلی کا ریکارڈ موجود نہیں تھا، جبکہ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی پیش نہیں کیے جا سکے۔ اس کے علاوہ خام اور تیار اشیاء پر تاریخِ اجرا اور تاریخِ تنسیخ بھی درج نہیں تھی۔
فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔