ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی شادی سے متعلق ایک وائرل خبر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور اسے من گھڑت قرار دیا ہے۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے نام سے منسوب بیان حقیقت پر مبنی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک میم تیزی سے پھیل رہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر راہول گاندھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں تو کنگنا ان سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس پوسٹ کو بعد ازاں بعض حلقوں نے حقیقی بیان کے طور پر پیش کیا، جس کے باعث یہ خبر مزید وائرل ہو گئی۔
اداکارہ کی نظر جب اس پوسٹ پر پڑی تو انہوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور جعلی قرار دیا۔ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی جھوٹی خبریں نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خواتین کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں بھی خواتین کے لیے عزت و وقار کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ایسے بے بنیاد دعوے پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور غیر مصدقہ معلومات کے تیزی سے پھیلاؤ کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے نہ صرف شخصیات بلکہ عوامی رائے بھی متاثر ہو سکتی ہے۔