ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اپنے قریبی اور دیرینہ دوست سشیل کمار کے گزر جانے پر پر شدید غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ دونوں کے درمیان چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط گہری دوستی تھی، جسے سلمان خان نے اپنی زندگی کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنےدوست کے ساتھ ایک پرانی یادگار تصویر شیئر کی اور ایک جذباتی پیغام میں سشیل کمار کو مثبت سوچ، خوش مزاجی اور حوصلے کی علامت قرار دیا۔ ان کے مطابق سشیل کمار ہر مشکل وقت میں مسکراتے رہتے تھے اور ہمیشہ یہی کہتے تھے کہ "سب ٹھیک ہو جائے گا"۔
سلمان خان نے لکھا کہ ان کے دوست نے زندگی کو بے فکری اور خوش دلی کے ساتھ گزارا اور ہر صورتحال کا سامنا مضبوطی سے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سشیل کمار نے زندگی کو ایک مضبوط انسان کی طرح جیا اور موت کا سامنا بھی غیر معمولی حوصلے کے ساتھ کیا، جس کے بعد ان کے پاس صرف خوشگوار یادیں باقی رہ گئی ہیں۔
اداکار نے ایک اور پیغام میں زندگی اور موت کی حقیقت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان نے ایک دن اس دنیا سے جانا ہے، لیکن وقت اور طریقہ کسی کو معلوم نہیں ہوتا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر روایتی تعزیتی الفاظ جیسے "RIP" کے استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنے دوست کو ایک مکمل، زندہ دل اور باوقار شخصیت کے طور پر یاد رکھنا چاہتے ہیں، نہ کہ صرف ایک یاد کے طور پر۔