سٹی 42: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ اور مصر کے وزرا خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں جس میں خطے کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ترکیہ وزیر خارجہ حکان فیدان سے رابطہ ہوا ہے،پاک ترک وزرائے خارجہ نے خطے کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے ترکیہ کے خلاف حالیہ حملے کی کوشش سمیت جاری کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہارکیا۔
نائب وزیراعظم نے کشیدگی میں فوری کمی اور تحمل و برداشت کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان نے ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری طرف نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے آج مصری وزیرِ خارجہ بدر وبدالعاطے سے ٹیلیفونک گفتگو کی،گفتگو میں خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے کشیدگی میں کمی، تحمل اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے پاکستان اور مصر کے مضبوط تعلقات کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعمیری سفارتی روابط کے فروغ کی خاطر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔